ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ووٹنگ مشینوں کو ہیک کرناناممکن : سنجیوکمار

ووٹنگ مشینوں کو ہیک کرناناممکن : سنجیوکمار

Fri, 29 Mar 2019 21:11:46    S.O. News Service

بنگلورو،29؍مارچ(ایس او نیوز) ریاست کے چیف الیکٹورل افسر سنجیوکمار نے کہا ہے کہ کسی بھی حال میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین یا اس سے منسلک ہونے والے وی وی پیاٹ نظام کو ہیک نہیں کیا جاسکتا۔

آج شہر کی ایک نجی ہوٹل میں عام انتخابات کے سلسلے میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور وی وی پیاٹ کے متعلق ایک میڈیا ورکشاپ کا افتتاح کرتے ہوئے سنجیوکمار نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر ووٹر کی طرف سے جو بٹن دبایا جائے گا اس بٹن پر امیدوار کا جو نشان ہوگا وہ وی وی پیاٹ مشین میں صاف نظر آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں پہلی بار کرناٹک میں ووٹنگ مشینوں کے ساتھ وی وی پیاٹ کو جوڑنے کا کامیاب تجربہ کیاگیا ہے اور اب ملک گیر پیمانے پر یہ مشینیں استعمال میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں ریاست کے 5.6کروڑ ووٹروں نے ووٹنگ کے مرحلے میں وی وی پیاٹ کے ذریعے اپنے ووٹوں کا مشاہدہ بھی کیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو قطعاً ناممکن قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان مشینوں کو ہیک کرنا ممکن ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ حالانکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی معتبریت کو لے کر بارہا مختلف حلقوں سے سوالا ت کھڑے کئے گئے لیکن کبھی ان سوالوں کی تائید میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا جس کی بنیاد پر الزامات کی سچائی ثابت ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں کسی بھی طرح کی تحریف یا ہیرا پھیری ناممکن ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ اب وی وی پیاٹ نظام کا رائج ہوجانا ہیرا پھیری کی تھوڑی بہت گنجائش کو بھی ختم کردے گا۔

انہوں نے کہاکہ وی وی پیاٹ نظام کے استعمال سے ووٹروں کو پتہ چل جائے گا کہ انہوں نے کسے ووٹ دیاہے۔اسی لئے ان کا ووٹ کسی اور کے حصے میں جانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہوں نے کہاکہ وی وی پیاٹ پر ووٹ دیکھنے کا اختیار بھی صرف متعلقہ ووٹر کو رہے گا اور سات سکینڈ میں وی وی پیاٹ اسکرین پر ابھرنے والا نشان ہٹ جائے گا اور اگلے ووٹر کی طرف سے رائے دہی کے بعد ہی اس نے جس کو ووٹ دیا ہے وہ نشان ابھرے گا۔

انہوں نے بتایاکہ ووٹنگ مشینوں کی حفاظت کے لئے الیکشن کمیشن اور ریاستی انتظامیہ کی طرف سے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی لئے انہیں لے کر کسی طرح کے غیر ضروری شبہات میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ اس موقع پر محکمۂ اطلاعات کے ڈائرکٹر برونگیش ، ریاستی اڈیشنل چیف الیکٹورل افسر وینکٹیش اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔


Share: